ریاض(یوا ین پی)سعودی عرب کی محایل گورنری میں ایک مشتبہ شراب فیکٹری پر پولیس کے چھاپے کے دوران جوابی فائرنگ کے نتیجے میں سعودی پولیس کا ایک سارجنٹ جاں بحق ہوگیا۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز پولیس کو محایل شاہراہ آل مشول پر واقع ایک شراب فیکٹری اور منشیات کے اڈے کی اطلاع ملی تھی جس پر چھاپہ مارا گیا۔اطلاعات کے مطابق یہ فیکٹری دو افریقی نژاد افراد چلا رہے تھے۔ پولیس کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزمان کی طرف سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں پولیس سارجنٹ حزام بن موسی البارقی شدید زخمی ہوئے جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔پولیس نے ایک ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے جب کہ دوسرے مفرور ملزم کی تلاش جاری ہے۔