کوئٹہ(یو این پی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہماری دشمنی صرف ان سے ہے جو پاکستان کے دشمن ہیں ۔ کوئٹہ میں پاک فوج کے ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ آج مجھے یہاں آکر خوشی ہے ، میں خود کو بلوچی کہلوانے پر فخر کرتا ہوں ، بہت کم لوگوں کو معلوم ہوگا کہ میرا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے ہے ، انہوں نے کہا کہ میں آج تمام ریکروٹس کو مبارکباد دیتا ہوں ، انہوں نے جس شعبے کا انتخاب کیا وہ ایک معزز شعبہ ہے ، آپ ملکی سالمیت کے دفاع اور امن و امان کو قائم رکھنے کے ذمہ دار ہیں ۔ بلوچ عوام کے غیرت مند بیٹے قومی دفاع کیلئے جان دینے کو پرعزم ہیں ۔ پاک فوج قومی یکجہتی کا مظہر ہے ، ہمیں فخر ہے کہ بلوچی جوان ملکی دفاع میں کسی سے کم نہیں ، بلوچستان پاکستان کا بڑا صوبہ ہے ۔ ہم نے اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچ عوام کو وسائل دیئے ۔ بلوچستان میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اسی لئے افواج پاکستان نے دیگر اداروں کیساتھ مل کر ملک میں امن کیلئے کام کیا ، ہم اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں ، آنیوالے دنوں میں بلوچ عوام ملکی ترقی کیلئے سب کے شانہ بشانہ ہوں گے ، آرمی چیف نے کہا کہ آج بلوچوں کو یقین ہوگیا ان کی حب الوطنی سے مٹھی بھر ملک دشمن عناصر جہنم واصل ہوں گے ، ہماری دشمنی صرف پاکستان کے دشمنوں سے ہے ۔