کراچی۔۔۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کے ایک نکاتی ایجنڈے پر آصف علی زرداری کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتیں اکھٹی ہوسکتی ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈارنے کالادھن سفید کرنے کی اسکیمیں بنائیں جب کہ نوازشریف اپنا پیسہ بنانے کے لیے ملک تباہ کررہے ہیں، پیسہ بنانے کے لیے حکمران ملک کو کھوکھلا کر رہے ہیں اور کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے لہذا کرپشن کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے، پاناما کیس پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے اور ہمیں اس کو جیتنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کی سازش کی ضرورت نہیں جب کہ رقم بڑھاؤ نواز شریف میں تمہارے ساتھ ہوں فضل الرحمان کا نعرہ ہے۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس کے ایک نکاتی ایجنڈے پر آصف علی زرداری کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتیں اکھٹی ہوسکتی ہیں اور تحریک انصاف پاناما لیکس پر پیپلز پارٹی سے بات کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے الیکشن میں تحریک انصاف کو کراچی سے 8 لاکھ ووٹ ملے،آئندہ الیکشن میں کراچی سے بھرپور حصہ لیں گے اورمیں اب کراچی کے لگاتار دورے کروں گا جب کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے حلقوں سے بھی الیکشن لڑیں گے۔