نئی دلی: (یو این پی)بھارتی حکومت نے اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن پر پابندی کے بعد اب ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک اور ان کی غیرسرکاری تنظیم پرمنی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرا دیا جب کہ مقدمہ منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ حکام کے مطابق اسلامک ریسرچ سینٹر کے نام پر مبینہ طور پر بیرون ملک منتقل کی گئی رقوم سے متعلق تحقیقات کی جائے گی جب کہ ذاکر نائیک اور ان کی تنظیم کے بینک اکاؤنٹس اور دیگر دستاویزات کی نقول حاصل کرلی گئی ہیں اور پوچھ گچھ کے لئے انہیں طلب بھی کیا جا سکتا ہے۔ اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک ان دنوں بھارت میں موجود نہیں تاہم گزشتہ ماہ بھارتی حکومت نے ان کی غیر سیاسی تنظیم اسلاملک ریسرچ فاؤنڈیشن پرنقص امن کی وجہ قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کر دی تھی۔