استنبول(یو این پی) ترکی کے شہر استنبول کے ایک نائٹ کلب میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 35 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں مسلح شخص نے نائٹ کلب میں اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس افسر سمیت 35 افراد ہلاک جب کہ 40 زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس کی بڑی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ حملہ آور کو ہلاک کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق حملہ آور شخص سانتا کلاز کے بھیس میں کلب میں داخل ہوا اور وہاں ڈیوٹی پر موجود پولیس افسر سمیت تمام افراد جو کہ سال نو کا جشن منانے میں مصروف تھے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔گورنر استنبول نے حملے میں ہلاک ہونے والے 35 افراد اور 40 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ترکی میں میں دہشتگردی کے واقعات پیش آئے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد مارے جاچکے ہیں۔