لاہور(یو این پی) محکمہ صحت کی نااہلی کے باعث ساٹھ سالہ خاتون اسپتال کے فرش پر دم توڑ گئی۔ زہرا بی بی کو دل کے علاج کے لیے پی آئی سی لایا گیا تھا جہاں اسے پہلے سروسز اسپتال ریفر کیا گیا اور سروسز سے جناح اسپتال ریفر کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ساٹھ سالہ زہرا بی بی کو دل کے علاج کے لیے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا لیکن پی آئی سی انتظامیہ نے مریضہ کو سروسز اسپتال ریفر کر دیا۔ سروسز اسپتال انتظامیہ نے مریضہ کا علاج کرنے کے بجائے اسے آگے جناح اسپتال بھیج دیا۔خاتون کو جناح اسپتال لے جایا گیا جہاں انتظامیہ نے اسے میڈیکل یونٹ ون میں داخل کر لیا لیکن اسپتال انتظامیہ نے مریضہ کو داخل کرنے کے باوجود بیڈ فراہم نہ کیا۔ اسپتال انتظامیہ نے زہرا بی بی کا اسپتال کے فرش پر لٹا کر ہی علاج شروع کرتے ہوئے اسے ڈرپ لگا دی۔ علاج کی مناسب سہولتیں نہ ملنے پر زہرا بی بی زمین پر ہی دم توڑ گئی۔