مردم شماری کے شیڈول کا اعلان، 45 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے

Published on January 4, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 434)      No Comments

1
اسلام آباد(یو این پی)وفاقی ادارہ شماریات بیورو نے مردم شماری 2017ء دو مرحلوں میں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مردم شماری کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے تمام صوبوں سے حساس علاقوں کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ مردم شماری کیلئے 45 ہزار فوجیوں کی ضرورت ہوگی۔ وفاقی شماریات بیورو کے چیف آصف باجوہ نے میڈیا کو شیڈول سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آرمی، رینجرز، ایف سی اور پولیس مردم شماری کے دوران امن وامان یقینی بنانے اور عملے کی حفاظت کے فرائض سرانجام دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پر تقریباً 7 ارب روپے خرچہ آئے گا۔ مردم شماری کیلئے حساس علاقوں کی نشاندہی کیلئے صوبائی حکومتوں کو کہہ دیا ہے۔آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے حساس علاقوں کی نشاندہی پر فوج سے درخواست کی جائے گی جبکہ مردم شماری کا پہلا مرحلہ چاروں صوبوں سے بیک وقت شروع ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں مردان اور پشاور، پنجاب میں لاہور، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور سرگودھا سے شروع ہوگا۔چیف ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت مکمل طور پر پہلے مرحلے میں شامل ہوگا۔ بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، سبی اور مکران سے مردم شماری کا آغاز ہوگا جبکہ سندھ میں کراچی اور حیدر آباد سے آغاز ہوگا۔ آصف باجوہ نے بتایا کہ آزاد کشمیر، فاٹا اور بچ جانے والے علاقوں میں مردم شماری دوسرے مرحلے میں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری کیلئے ٹریننگ کا آغاز کرنے والے ہیں۔ مردم شماری کے سامان کی ترسیل کا کام جاری ہے۔ مردم شماری کیلئے فارموں کے حوالے سے صوبوں کے اعتراضات دور کر دیے گئے ہیں، اب فارم 2008ء والا ہی استعمال ہوگا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme