بہاولپور (یوا ین پی)عمران خان کہتے ہیں جھوٹ بول بول کر موٹو گینگ کی شکلیں بدل گئی ہیں، ملک کے لٹیروں کو جیل میں ڈالیں گے، نواز شریف نے کمپنیوں کے پیچھے اربوں کی جائیداد چھپائی، پاناما میں نام آنا اللہ کی پکڑ ہے، ملک کا دیوالیہ نکلنے کے بعد یہ لوگ باہر بھاگ جائیں گے، پاکستان کی تاریخ میں اہم فیصلہ ہونے جارہا ہے، فضل الرحمان سونامی سے نواز شریف کو نہیں بچاسکیں گے۔بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ ڈھائی سال پہلے اسلام آباد میں دھرنا دیا جس سے عوامی شعور پیدا ہوا، نواز شریف نے 30 سال میں محنت سے کرپشن کی، وہ چوری کرکے پیسہ باہر لیکر گئے، نواز شریف نے کمپنیوں کے پیچھے اربوں کی جائیداد چھپائیں، ان کی بدقسمتی اللہ تعالیٰ کی پکڑ پاناما میں ان کا نام آگیا، ملک کے لیٹروں کو جیل میں ڈالیں گے۔وہ بولے کہ جھوٹ بول بول کر موٹو گینگ کی شکلیں بدل گئیں ہیں، حسن نواز 1999ء میں طالب علم تھے، 2 سال بعد ارب پتی بن گئے، 2006ء میں لندن کے 4 فلیٹوں کی قیمت 4 کروڑ تھی، 2 کمپنیوں کی مالک مریم نواز ہیں، نواز شریف نے تمام جائیدادیں مریم نواز کے نام پر لیں، پاکستان کی تاریخ میں اہم فیصلہ ہونے جارہا ہے۔پی ٹی آئی کپتان کا کہنا ہے کہ کرپشن کی وجہ سے ملک قرضوں سے چل رہا ہے، ملک کا دیوالیہ نکلنے کے بعد یہ لوگ باہر بھاگ جائیں گے، 57 فیصد پنجاب کے بجٹ کا پیسہ لاہور پر خرچ ہورہا ہے، جنوبی پنجاب کے عوام کو میٹرو نہیں صحت، تعلیم کی ضرورت ہے، ملتان میں میٹرو صرف پیسہ بنانے کیلئے بنائی گئی۔
عمران خان کہتے ہیں فضل الرحمان سونامی سے نواز شریف کو نہیں بچاسکیں گے، خواجہ آصف نے کہا کہ پاناما کیس عوام کا مسئلہ نہیں، اگر پاناما پاکستانی عوام کا نہیں تو کیا بھارتی عوام کا مسئلہ ہے؟۔