اسلام آباد(یو این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج بہترین ادارہ ہے، اس ادارے کی ساکھ اور عزت برقرار رکھی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کھاریاں پہنچے جہاں سینٹرل کمانڈ کے دورے کے موقع پر اُنہیں آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر فوجی جوانوں اور افسروں سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا پاک فوج عظیم ادارہ ہے، اپنی شاندار کارکردگی، ذمہ داریوں اور کردار سے ادارے کی ساکھ برقرار رکھیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فوجی افسروں نے کئی سوالات کئے۔افسروں نے فوجی عدالتوں سے متعلق رانا ثناء اللہ کا بیان اور ڈان لیکس پر سوال اٹھائے اور کہا کہ ڈان لیکس کی تحقیقات اب تک مکمل نہیں ہو سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افسروں نے آرمی چیف سے شکوہ کیا کہ وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے فوجی عدالتوں کی کارکردگی غیرتسلی بخش قرار دی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی افسران کے سوالوں کے تفصیلی جوابات دیے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہلم میں فائرنگ مقابلوں کے آخری مرحلے کا مشاہدہ بھی کیا۔