اسلام آباد(یو این پی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاناما کیس جس سمت میں جارہا ہے 2017 عام انتخابات کا سال ثابت ہوسکتا ہے،ہم سبزپاسپورٹ کی قدروقیمت چاہتے ہیں اوراس کے لیے تحریک انصاف سڑکوں پرعوامی عدالت میں آتی رہے گی،حکومت پانامہ کیس کے نتائج سے خوفزدہ ہے اوراسی لیے وہ آئے دن جلسے کررہے ہیں، وزیرخارجہ اپنے ملک کا مقدمہ بہترطریقے سے انٹرنیشنل فارم پرلڑسکتا ہے،مشیر کا رتبہ وزیرکے برابر نہیں ہوتااس سے ملک کو دیگر مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے،راحیل شریف کے مسلم اتحاد کے سربراہی کے حوالے خواجہ آصف نے ایک سنی سنائی بات پراتنی حسا س نوعیت کا بیان دیدیاجو یقیناغیرذمہ دارانہ اقدام ہے،سعودی عرب اورایران سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں،ہمیں کوئی بھی فیصلہ بہت سوچ سمجھ کرکرنا ہے،پیپلزپارٹی میں دو سوچیں پنپ رہی ہیں،ایک کی نمائندگی کررہے ہیں بلاول،اعتزاز احسن، قمر زمان کائرہ اورندیم افضل چن سمیت دیگرلوگ جبکہ دوسری سوچ ہے یوسف گیلانی اور راجہ پرویز اشرف جیسے لوگوں پر مشتمل افراد کی جو مصلحت پسندی کی سوچ رکھتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی کرپشن اورغلط حکمت علمی کی وجہ سے پیپلز پارٹی نے پہلے بھی نقصان ا ٹھایا،ہم پاکستان کو کرپشن فری کرنے کے لیے کمربستہ ہیں۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ وہ دن بہت قریب ہے کہ جب ہم عوام کو جیت کی نوید سنا ئیں گے۔پاناما کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمارے وکیل کے دلا ئل اتنے ٹھوس ہیں کہ ہمیں یقین ہے کہ انشا اللہ عوام کی جیت دورنہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو پانامہ کیس میں اپنی شکست کا خوف ہے، جس تیزی سے تبدیلیاں رونما ہونے والی ہیں میں سمجھتا ہو ں کہ 2017 بھی جنرل الیکشن کا سال ہوسکتا ہے۔ پاکستان تحر یک انصاف ملک کو لوٹنے والوں کو جکڑ کے رکھے گی۔ ہم پاکستان کو کرپشن فری کرنے کے لیے کمربستہ ہیں۔ عوام ہم پرا عتما د کرتے ہیں لہذاانصاف کی انشا اللہ جیت ہوگی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دھرنا یا عوامی احتجاج کا سلسلہ تو تحر یک انصاف پہلے دن سے کررہی ہے. ہم تو پہلے دن سے سٹرک پر ہیں. پہلے عام انتخا بات میں دھاندلی پرسراپا احتجاج تھے۔ ہم نے الیکشن کمیشن میں ریفارم اورشفاف انتخابات کے لئے عوامی تعاون سے 126 دن کا دھرنا دیا. پھرپانامہ انکشافات پرہم سٹرکوں پرآئے پھرسپریم کورٹ نے اس حوالے سے سوموٹو ایکشن لیا۔ہم عدالت میں چلے گئے اور وہاں عوام کا مقد مہ لڑھ رہے ہیں مگر اس کے ساتھ ہم عوام کی عدالت میں بھی حاضر ہونا چا ہتے ہیں کیونکہ ہم کرپشن فری پاکستان چاہتے ہیں۔یہ ہمارے منشور میں شامل ہے۔ہماری خواہش ہے کہ بیرون ملک سرمایہ دار پاکستان آئیں۔ پاکستان کو کرپشن فری اورعوام کو اس کا حق دلانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف سٹرکوں پرآ تی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ریفارمز کے حواکے سے ہمارے تین انتہائی زیرک سینئر ارکان نے یہ اہم کام سرانجام دیا ہے. شیر ی مزاری صاحبہ عا رف علوی اور شفقت قریشی صاحب نے الیکشن کمیشن میں ریفارم کے حو الے سے اہم پوائنٹس متعلقہ ادارے میں بھیج دیئے ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں الیکشن کیمشن ہماری تجاویزپرعمل کرے گا۔ملک میں وزیرخارجہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ اپنے ملک کا مقدمہ بہترطریقے سے انٹرنیشنل فارم پرلڑسکتا ہے۔ ڈپلومیسی کا ایک پروٹوکول ہوتا ہے۔ مشیر کا رتبہ وزیرکے برابر نہیں ہوتااس سے ملک کو دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔