پشاور(یو این پی)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے تحت دانتوں کی صفائی سے متعلق میڈیکل کیمپ و سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے طبی ماہرین نے کہا ہے کہ نسوار، پان اور چھالیا کا استعمال منہ کے کینسر کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔ روزانہ دانتوں کی صفائی نبی اکرم ؐ کی سنت بھی ہے اور صحت مندانہ زندگی کے لئے بھی ضروری ہے۔مرکزی میڈیا سیل کے مطابق پیما کے شعبہ دینٹل کے تحت پشاور میں یتیم بچوں کے ادارے آغوش میں فری ڈینٹل کیمپ و اویئرنس سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے پیما کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک، ڈاکٹر مسعود خان، ڈاکٹر محمد شفیق اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر آغوش میں رہائش پذیر 93یتیم بچوں کے دانتوں کا معائنہ بھی کیا گیا ۔ طبی ماہرین نے رات سونے سے پہلے دانتوں کی صفائی کو صحت کے لئے انتہائی اہم قرار دیا۔انہوں نے بچوں کو دانتوں کو صاف کرنے کے مختلف طریقوں سے بھی آگاہ کیا۔