اسلام آباد (یو این پی) گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ کے لیے کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ کمیونٹی اپنا کردار ادا کرے گی تو باقی ماندہ دس پندرہ فیصد دہشت گردوں کا بھی خاتمہ ہو جائے گا ۔ آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں دہشت گردوں کے مراکز تباہ ہو چکے ہیں اب وہ پورے علاقہ میں پھیل گئے ہیں اور جونہی انہیں آسان ہدف ملتا ہے وہ اسے نشانہ بناتے ہیں پورے فاٹا میں سیکیورٹی کے انتظامات پہلے سے بہت بہتر ہو چکے ہیں پہلے فاٹا میں جانا ممکن نہیں تھا اب بغیر سیکیورٹی بھی فاٹا جا سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار اقبال ظفر جھگڑا نے نجی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کی وجہ سے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ ہو چکے ہیں دہشت گرد ٹھکانے ختم ہونے کے بعد پورے علاقہ میں پھیل گئے ہیں جہاں بھی ان کو آسان ہدف مل جاتا ہے اسے نشانہ بناتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا عارضی فیز ہے فوج نے اپنا کردار نبھایا ہے پولیس بھی ایکشن لیتی ہے ۔ ایجنسیز میں ہمارے حکام بھی کام کر رہے ہیں اب سول کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا ۔ کمیونٹی نے اس بات کی نشاندہی کرنی ہے کہ ان کے درمیان کوئی غلط آدمی تو نہیں آ گیا اس حوالہ سے انہیں حکام کو آگاہ کرنا ہو گا اس سے باقی ماندہ دس پندرہ فیصد دہشت گردوں کا بھی خاتمہ ہوجائے گا ۔ ہم چاہتے ہیں جو لوگ مجبوراً دہشت گردوں کے ساتھ ملے ہیں ان کے ساتھ بات چیت کی جائے جبکہ دہشت گردوں کے خاتمہ کے لیے کمیونٹی کو اپنا کردار ادا پڑے گا ،ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق اور زخمی افرادکی تعداد کا ابھی تعین نہیں ہو سکا زخمیوں کو پشاور ، کوہاٹ یا دیگر جگہ منتقل کرنے کے لیے احکامات دے دئیے گئے ہیں اگر ہیلی کاپٹر کی ضرورت پڑی تو وہ فراہم کیا جائے گا اور زخمیوں کا پورا خیال رکھا جائے گا ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات سے نمٹنے اور امدادی کارروائیوں کے لیے فاٹا بھر میں تیاری کی گئی ہے ایسا کوئی واقعہ ہوتا ہے تو امدادی ٹیمیں فوری طور پر واقعہ کی جگہ پہنچ جاتی ہیں اور اپنی کارروائی شروع کر دیتی ہیں ان کا کہنا تھا کہ پورے فاٹا میں سیکیورٹی کے انتظامات پہلے سے بہت بہتر ہو چکے ہیں پہلے فاٹا میں جانا نا ممکن تھا آج ہم فاٹا میں بغیر سیکیورٹی جا سکتے ہیں سارا کریڈٹ ضرب عضب کو جاتا ہے ہماری فوج نے کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے علاقہ کو محفوظ بنا دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پھیل چکے ہیں اور جہاں بھی ان کو موقع ملتا ہے کارروائی کرتے ہیں اگر کمیونٹی اپنا کردار ادا کرے گی تو اس پر بھی قابو پا لیاجائے گا ۔ اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا تھا کہ اگرکسی زخمی کا پارا چنار میں علاج ممکن نہیں تو اس کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرنے کا انتظام ہو گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سے میں گورنر بنا ہوں میں نے ہر ایجنسی کا دورہ کیا ہے جرگوں سے میں نے خطاب کیا ہے ہمارے لوگوں کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے کہ اس چیز کو ختم کرنے کے لیے کمیونٹی اور سویلنز کو کردار ادا کرنا ہو گا ۔