گوجرانوالہ (یو این پی) صوبہ پنجاب کے ضلع گجرانوالہ میں ایک شخص نے گھر میں کام کرنے والی 12 سالہ ملازمہ کے چہرے پر مبینہ طور پر گرم چائے پھینک کر اسے جلا دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک آصف نامی شخص نے اپنی ملازمہ رخسار سے چائے لانے کو کہا تاہم حکم میں تاخیر پر آصف نے غصے میں آکر وہی چائے کی پیالی بچی کے چہرے پر انڈیل دی۔بچی کو بعدازاں ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز ہسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کردیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے واقعے کا نوٹس لے کر ملزم کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کردیئے۔علاوہ ازیں ایک دوسرے واقعے میں سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی)صدر کامران ممتاز نے ایک موٹر سائیکل رکشہ کے ڈرائیور پر مبینہ طور پر تشدد کرنے پر سب انسپکٹر (ایس آئی)کو ملازمت سے معطل کردیا۔یاد رہے کہ گذشتہ دنوں جی ٹی روڈ پر ایک موٹر سائیکل رکشہ نے ایس آئی سمیع اللہ کی گاڑی کو ٹکر ماردی تھی، جس پر مشتعل ہوکر ایس آئی نے رکشہ ڈرائیور مستقیم کو بری طرح سے مارا پیٹا تھا۔میڈیا پر رپورٹس سامنے آنے کے بعد ایس پی نے واقعے کا نوٹس لیا اور سب انسپکٹر کو معطل کردیا، جس کے بعد پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔