سرینگر (یو این پی)کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری (آج) بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منائینگے۔یہ دن منانے کا مقصد بھار ت کی طرف سے کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے سے مسلسل انکار کے خلا ف احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔ میڈیا کے مطابق یوم سیاہ منانے کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے د ی ہے ۔ اس روز مقبوضہ کشمیرمیں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور دنیا بھر کے دارلحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر پورے مقبوضہ کشمیر خاص طورپر سرینگراور جموں کامحاصرہ کر لیا ہے ۔مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں ہزاروں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیاگیا ہے ،جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے ۔ فورسز اہلکار مختلف علاقوں میں اچانک چھاپوں کے علاوہ سرینگر اور دیگر بڑے قصبوں میں گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشیاں لے رہے ہیں۔حریت رہنماؤں سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک،میر شاہد سلیم ،حکیم عبدالرشید، مفتی ناصر الاسلام ، فاروق احمد توحیدی ، فریدہ بہن جی اور فیرو ز احمد خان نے سرینگر میں اپنے بیانات میں انتظامیہ کی طرف سے پورے مقبوضہ علاقے میں لوگوں کو سیکورٹی کے نام پر ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی یوم جمہوریہ منانے کی آڑ میں کشمیریوں کے تمام جمہوری حقوق ہر سال سلب کر لئے جاتے ہیں۔دریں اثنابھارتی فوجیوں کے ہاتھوں قتل عام کے المناک واقعے کے شہداء کی برسی پر آج ہندواڑہ میں مکمل ہڑتال کی گئی، 1990میں آج کے روز بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کی طرف سے ہندواڑہ قصبے میں پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 17بے گناہ کشمیری شہید ہو گئے تھے ۔ انتظامیہ نے لوگوں کو شہداء کے حق میں فاتحہ خوانی کی تقاریب کے انعقاد سے روکنے کیلئے قصبے میں پابندیاں عائد کر دی تھیں تاہم پابندیوں اور شدید برف باری کے باوجود جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے کارکنوں نے قتل عام کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزار شہداء ہندواڑہ میں تقریب کا انعقاد کیا۔ کشمیر کونسل یورپی یونین نے کشمیر کے بارے میں اپنی دس لاکھ دستخطی مہم کے سلسلے میں پولینڈ کے دارلحکومت وارساؤ میں ایک روز ہ کیمپ کا انعقاد کیا۔ کشمیرکونسل نے یورپی یونین یہ دستخطی مہم تنازعہ کشمیر کے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیلئے یورپی عوام کی حمایت کے حصول کے لیے شروع کر رکھی ہے ۔ دستخطی مہم کا مقصد کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے یورپی عوام کو آگاہ کرنا بھی ہے۔