لاہور (یو این پی) پاکستانی بلے باز بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف شاندار پرفارمنس کی وجہ سے رینکنگ میں دسویں نمبر پہنچ گئے ہیں۔ محمد حفیظ نے بھی آل راؤنڈرز کی فہرست میں پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔نوجوان بیٹسمین بابر اعظم کو دورہ آسٹریلیا پر اچھی پرفارمنس کا پھل مل گیا۔ قومی پلیئر ون ڈے رینکنگ میں 5 درجے ترقی کر کے دسویں نمبر کے بلے باز بن گئے۔ ایڈیلیڈ میں بابر اعظم نے انیس سو اکاسی یعنی لیجنڈ ظہیر عباس کے بعد سنچری کا سنگ میل عبور کیا۔ وہ آسٹریلیا سیریز میں 282 رنز کیساتھ پاکستانی ٹاپ سکورر بھی رہے جبکہ پاکستانی باؤلرز کی خوب پٹائی کرنے والے ڈیوڈ وارنر کیریئر میں پہلی مرتبہ نمبر ون بلے باز بن گئے۔دوسری جانب بولنگ ایکشن کلیئر کرنے بعد کم بیک کرنے والے محمد حفیظ کیلئے بھی دورہ آسٹریلیا سودمند ثابت ہوا۔ وہ آل راؤنڈرز میں پانچویں پوزیشن پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہو گئے۔ باؤلنگ کے شعبے میں کوئی قومی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں شامل نہیں۔