پشاور(یوا ین پی)پشاورمیں ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت بدستور کھلے عام جاری ہے جبکہ انتظامیہ کی کارروائیاں مخصوص علاقوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں جس پر شہریوں نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ضلع ناظم سے نوٹس لینے اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے پشاور میں ملاوٹ شدہ دودھ کے خلاف کارروائیاں چند علاقوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں جس پر شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔پشاور کے شہری علاقے ہشت نگری،شادی پیر،کریم پورہ،گھنٹہ گھر،لاہوری،قصہ خوانی،باچاخان چوک،چارسدہ روڈ اور فقیر آباد غیر معیاری اور کیمیکل ملے دودھ کی فروخت کے بڑے گڑھ ہیں تاہم یہاں پر ابھی تک کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔مذکورہ علاقوں میں دکانداروں نے کرائے پر حاصل کی گئی دکانوں میں دودھ بنانے کے بڑے بڑے ڈرم رکھے ہوئے ہیں جبکہ دکانوں کے اوپر کرائے کے کمرے حاصل کر کے وہاں پر بھی خفیہ طور پر دودھ تیار کر کے لوگوں پر فروخت کر رہے ہیں ۔شہریوں نے ضلع ناظم سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر معیاری دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف شہری علاقوں میں کارروائی کی جائے ۔