کویت سٹی(یو این پی)کویت میں تعینات پاکستانی سفیر غلام دستگیر نے واضح کیا ہے کہ کویت پاکستانی شہریوں پر کسی قسم کی ویزا پابندی عائد نہیں کر رہا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ کویت کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر کسی قسم کی ویزا پابندی نہیں لگائی جا رہی، پابندی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ غلام دستگیر کا کہنا تھا 2011 میں بھی اس قسم کی خبریں پھیلائی گئی تھیں۔ یاد رہے کہ ایک اخبار کی جانب سے یہ خبر دی گئی تھی کہ کویت کی جانب سے پاکستان، شام، عراق، ایران اور افغانستان کے شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کویت سٹی کی جانب سے 2011 سے شامی شہریوں کے لئے تمام ویزوں پر پابندی عائد ہے۔