پشاور(یو این پی)حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر مختلف اضلاع اور لوکل روٹس پر چلنے والی مسافر گاڑیوں نے کرایوں میں از خود اضافہ کر دیا ہے جبکہ دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کر رہا ۔تفصیلات کے مطابق پشاورسے صوبے کے مختلف اضلاع کو جانے والی ٹرانسپورٹ اور لوکل روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ایک ماہ میں دو بار اضافہ کرنے پر کرائے بڑھا دیئے ہیں ۔کرایوں میں 5سے10فیصد تک اضافہ کیاگیا ہے ۔سرکاری و نجی دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین اور خاص کر سکولوں کو جانے والے طالب علم کرایوں میں اضافہ ہونے پر پریشان ہیں ۔اسی طرح ٹیکسی اوررکشہ ڈرائیوروں نے بھی ازخود کرائے بڑھا دیئے ہیں ۔پشاورکے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے یا زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔