سرینگر: (یو این پی)حریت رہنماء یاسین ملک نے کہا ہے کہ فوجی قوت سے قوموں کو غلام نہیں بنایا جا سکتا ہے، خطے میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہو گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حریت رہنماء یاسین ملک نے کہا ہے کہ 5 فروری کو بے نظیر بھٹو شہید نے قاضی حسین احمد مرحوم کی تجویز پر یوم یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا تھا، یہ دن منانے پر پاکستانیوں کا مشکور ہوں، تاریخ نے ہمیں آزادی کشمیر کی امید دے رکھی ہے اسی سے ہم تقویت حاصل کرتے ہیں، فوجی قوت سے قوموں کو غلام نہیں بنایا جا سکتا ہے۔دنیا کو امن لانے کے لئے تمام تنازعات بالخصوص مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے، خطے میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہو گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ حافظ محمد سعید کی نظر بندی کے حوالے سے کشمیریوں کا کوئی خاص ردعمل نہیں ہے یہ تو حکومت پاکستان ہی بتا سکتی ہے ایسا کیوں کیا ہے، میرے خلاف تو بھارتی افواج 18 سال کی عمر سے ہے تب سے مجھے مختلف حیلوں بہانوں سے بند کرتی آ رہی ہے، حال ہی میں مجھے 46 روز تک جیل میں رکھا گیا ہے، سرحدوں پر دیواریں بنانے سے نفرتیں پھیلیں گی۔ میں ذاتیات میں نہیں جانا چاہتا ہوں کشمیر کمیٹی کے حوالے سے حکومت پاکستان جس کو متحرک اور فعال دیکھتی ہے تو اسی کو ہی اس کا چیرمین بناتی ہے، مولانا فضل الرحمان کی کارکردگی اچھی نہیں رہی ہے، غیر متاثر کن رہی ہے، اس کمیٹی کو مزید فعال بنایا جا سکتا ہے۔