کابل(یوا ین پی)افغان دارالحکومت کابل میں سپریم کورٹ کی کارپارکنگ ایریا میں خود کش حملے میں20افراد جاں بحق او رمتعدد زخمی ہوگئے ۔ افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے سپریم کورٹ کی پارکنگ میں اسٹاف بس کونشانہ بنایا دھماکے میں کئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔ جاں بحق افراد میں سپریم کورٹ کے 10اور 2پولیس اہلکار شامل ہیں ۔غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق افغان سپریم کورٹ کے باہر ہونیوالا دھماکا خودکش تھا۔دھماکے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب سپریم کورٹ کے ملازم چھٹی کے بعد گھر جانے کیلیے باہر نکل رہے تھے۔سیکورٹی فورسز نے علاقے کو بند کردیا ہے اور زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیاہے۔ فوری طورپرکسی تنظیم نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، دھماکے کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہے ۔ گزشتہ ماہ کابل میں پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر خودکش بم حملے میں کم از کم 30 افراد مارے گئے تھے، وہ دھماکے بھی ایسے وقت ہوئے تھے جب چھٹی کے بعد ملازمین گھروں کو واپس جا رہے تھے۔