صبح اور شام کے اوقات گیس نہ ہونے کے باعث لوگ بیمار پڑنے لگے،حکومت سے ریلیف کا مطالبہ
پشاور(یوا ین پی)پشاورکے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی نے شہریوں کو بیما ر کر دیا ۔ایک طرف بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ دوبار ہ شروع ہو گیا جبکہ دوسری جانب گیس پریشر میں کمی اور بندش کے باعث سردی سے بچنے کیلئے انتظامات نہ ہونے پر خاص کر بچے زیادہ تعداد میں بیمار ہورہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ دوسری جانب بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم سوئی گیس کے کم پریشر نے شہریوں کو بیمار کر دیا ہے ۔پشاورکے شہری علاقوں میں صبح اور شام کے اوقات سوئی گیس پریشر میں کمی آجاتی ہے تاہم نواحی علاقوں بڈھ بیر،پشتہ خرہ،متنی،شیخان،سنگو اور باڑہ روڈ کے مکینوں کے مطابق بارش کے دوران گیس نہ ہونے کے برابر تھی جبکہ بارشوں کا سلسلہ تھم جانے کے بعد تھوڑا سا پریشر بحال ہوا ہے لیکن موم بتی جتنی آگ پر گھریلو امور کی انجام دہی اور سردی سے بچاؤ ناممکن ہے ۔لکڑی بھی مہنگی کر دی گئی ہے جبکہ لکڑی اور کوئلے کا دھواں بھی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے اس لئے حکومت کو چاہیے کہ شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کرے ۔