ممبئی (یو این پی)کینسر جیسے موذی مرض سے جنگ جیتنے والی بالی ووڈ اداکارہ منیشا کوائرالا طویل عرصے بعد سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم سے بالی ووڈ میں واپسی کریں گی۔ بالی ووڈ اداکارہ منیشا کوئرالا نے کینسر کا عارضہ لاحق ہونے کے بعد فلم نگری سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی لیکن اب کینسر سے جنگ جیتنے کے بعد انہوں نے فلم نگری میں واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف ہدایتکار راج کمار ہیرانی نے سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم میں منیشا کوئرالا کو کاسٹ کر لیا ہے جس میں منیشا سنجے دت کی والدہ لیجنڈری اداکارہ نرگس کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی جب کہ فلم میں رنبیر کپور مرکزی کردار ادا کریں گے اور جلد ہی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ منیشا کوئرالا نے 1991 میں دلیپ کمار کی فلم ’’سوداگر‘‘ سے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔