دبئی(یو این پی) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ دبئی انٹرنیشنل گراؤنڈ میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 119 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی نے 3 وکٹوں پر ہدف پورا کر لیا۔ ڈیوڈ ملان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن حفیظ دوسرے میچ میں بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کامران اکمل بیٹنگ کے لیے آئے اور وہ بھی کھاتہ کھولے بغیر دوسرے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ این مورگن اور ملان نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، ملان 22 رنز پر عماد وسیم کا شکار بنے تاہم مورگن وکٹ پر ڈٹے رہے اور حارث سہیل کے ساتھ مل کر ٹیم کو 19ویں اوورمیں فتح یاب کروایا۔ مورگن 80 اور حارث سہیل 13 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے، کرس گیل اور شاہ زیب حسن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد حفیظ نے پہلے ہی اوور میں شاہ زیب کو پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد کراچی کنگز میں موجود تمام بڑے نام ناکام دکھائی دیے، کرس گیل 2، بابر اعظم ایک، سنکاکارا 5 رنز ہی بنا سکے۔ روی بوپارا اور شعیب ملک نے ٹیم کے اسکور کو مستحکم کیا، ملک 44 اور بوپارا 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ پولارڈ 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔