سیالکوٹ (یو این پی )سات افراد نے جواں سال لڑکی کو اغوا کرلیا۔ تفصیلات کیمطابق تھانہ صدر ڈسکہ کے علاقہ موضع بھروکے میں پولیس نے مدعی اسلم کی 17 سالہ بھتیجی ن (نیلم) کو اغوا کرکے نامعلوم مقام منتقل کرنے والے ملزمان جمشید، عبدالوحید سمیت7افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے لڑکی تلاش شروع کردی۔ تاہم تاحال لڑکی نہیں مل سکی۔ تفتیش جاری ہے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس پیرس روڈ میں کھلی کچہری کا انعقاد
سیالکوٹ (یو این پی )وفاقی وزیر دفاع ، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے گزشتہ روز سیالکوٹ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس پیرس روڈ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیااور شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کے مقامی حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے تاکید کی وہ اپنے فرائض منصبی جذبہ خدمت خلق کے تحت انجام دیں اور اس سلسلہ میں غفلت ، تساہل یا لاپروائی کا مظاہرہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل کو حل کرنا سرکاری ملازمین کی اولین ذمہ داری ہے اس مد میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ملازمین کا محاسبہ کیا جائے گا۔اس موقع پر موجود رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام نے کہاکہ عوام الناس کے مسائل کیلئے پاکستان مسلم لیگ آفس میں ہر اتوار کو باقاعدگی سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جارہا ہے جہاں پر شہری مختلف محکموں کے حوالے سے در پیش مسائل کے بارے براہ راست منتخب نمائندوں کے سامنے اپنے شکایات اور تحفظات کا اظہار کرتے ہیں جن کی روشنی میں مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد ہی شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے اور مسلم لیگ کا وطیرہ ہی عوام کی خدمت ، خدمت اور بس خدمت ہے ۔
موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرنے والے نوجوان کو موٹر سائیکل سمیت گرفتار کرلیا گیا
سیالکوٹ (یو این پی )موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرنے والے نوجوان کو موٹر سائیکل سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کیمطابق تھانہ کوٹلی سید امیر کے علاقہ موضع جہائی سے پولیس نے موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرنے والے نوجوان ابرار کو گرفتار کرکے اسکی موٹر سائیکل قبضہ میں لی اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
علامہ اقبال میموریل ہسپتال کی ایمرجنسی میں مریضہ خاتون انجکشن لگنے سے گر کر شدید زخمی
سیالکوٹ (یو این پی )علامہ اقبال میموریل ہسپتال کی ایمرجنسی میں مریضہ خاتون انجکشن لگنے سے گر کر شدید زخمی، تفصیلات کے مطابق مسلم بازار کا رہائشی سکول ٹیچر محمد خالد اپنی بیوی شکیلہ پروین کو پیٹ میں درد کے باعث علامہ اقبال میموریل ہسپتال لے گیا جہاں پر لیڈی ڈاکٹر فاطمہ نے اسے بیڈ پر لیٹا کر انجکشن لگانے کی بجائے بینچ پر ہی انجکشن لگادیا جس سے وہ گر کر شدید زخمی ہوگی اور اس کے چہرہ پر چار ٹانکے لگے ،خاتون کے خاوند محمد خالد کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتال میں علاج کروانا مہنگا پڑ گیا ہے اعلیٰ حکام کو چاہیے کہ وہ مذکورہ ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کرے۔