جھنگ ( یواین پی)عبدالقادر مُلا راہنما جماعت اسلامی بنگلہ دیش کو پاکستان اور اسلام سے محبت کی پاداش میں طاغوتی طاقتوں کے ایجنڈے پر پھانسی دی گئی ہے جو سراسر ظلم وحشت اور بربریت کی انتہائی بدترین مثال ہے ۔اِن خیالات کا اظہار سابق امیر جماعت اسلامی ضلع جھنگ نے غائبانہ نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔نماز جنازہ کا اہتمام بعد از نماز جمعہ ادارہ معارف اسلامی جھنگ صدرمیں کیا گیا جس میں شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔غائبانہ نماز جنازہ سے خطاب کرتے ہوئے مہر بہادر خان جھگڑ نے مزید کہا کہ عبدالقادر مُلا کا جرم پاکستان سے محبت اوراسلامی نظام کے عملی نظام کی تگ وتاز تھا ۔ اُنہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کی مقبولیت سے حسینہ واجد حکومت اور انکے سرپرست امریکہ وانڈیا بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اوراپنے روائتی ہتھکنڈوں سے جماعت اسلامی کو کچلنے کے درپے ہے ۔پاکستانی حکومت اور میڈیا کی بے حسی کی انتہا ہے کہ مذکورہ مظالم کی خبر تک دینے سے گریزاں اور حکومت بھٹو مجیب معاہدہ کا حوالہ تک دینے سے عار محسوس کرتی ہے ۔انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ اسوقت بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے دیگر راہنماؤں کے خلاف بھی پھانسی کے فیصلے سنائے جا چکے ہیں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے ضمیر کو جگائیں اور طاغوتی طاقتوں کے مقابل سیسہ پلائی دیوار کی طرح اُٹھ کھڑے ہوں اوراپنا اسلامی فریضہ ذمہ دارانہ طریقے سے سرانجام دیں اذاں بعد عبدالقادر مُلا شہید کیلئے غائبانہ نماز جنازہ اداکی گئی اس موقع پر حاجی ارشاد منڈ امیر ضلع حافظ عبدالسلام امیر شہر ،وسیم طاہر مہتمم ضلع اور جماعت اسلامی جھنگ کے دیگر ذمہ داران نے عبدالقادر شہید کیلئے گہرے رنج والم کا اظہار کیا ۔