بغداد (یوا ین پی) عراق میں سرکاری فوج نے داعش جنگجوؤں کے خلاف موصل کے ہوائی اڈے کی طرف پیش قدمی شروع کر دی ہے۔ عراقی پولیس اور وزارت داخلہ کے ایلیٹ کا سریح الحرکت یونٹ ہوائی اڈے کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے تاکہ قریبی پہاڑی سلسلے البوسیف سے جنگجوؤں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ عراق کیلئے اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ کار گرینڈ لائس نے ایک نجی نیوز چینل کو بتایا کہ حالیہ حملے کی وجہ سے تقریباً 4 لاکھ شہری بے گھر ہو سکتے ہیں۔ ادھر امریکہ کے وزیر دفاع جیمز میٹس نے ، جو غیراعلانیہ دورے پر گزشتہ روز بغداد پہنچے تھے نے کہا ہے کہ وزارت دفاع کا عراق کے تیل پر قبضے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ امریکہ عراق اور شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف مہم تیز کرنے کے طریقوں پر غور کر رہا ہے۔