کراچی:(یو این پی) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا، کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں تیزی دیکھی گئی۔ دن کے اختتام پر کاروبار میں مندی کا رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 33 پوائنٹس (0.07 فیصد) کمی کے بعد 49 ہزار 331.54 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں شامل کمپنیوں کے مجموعی طور پر 17 کروڑ 80 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا جس کی مجموعی مالیت 11.8 ارب روپے رہی۔ مجموعی طور پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 38 کروڑ شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی کُل مالیت 16.5 ارب روپے رہی۔ 409 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 90 کے شیئرز کی قدر میں اضافہ، 304 کی قدر میں کمی اور 15 کے شیئرز میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ 5 کروڑ 68 لاکھ 30 ہزار شیئرز کے الیکٹرک کے خریدے و فروخت کیے گئے جبکہ عائشہ اسٹیل ملز کے 3 کروڑ 42 لاکھ 20 ہزار، پاور سیمنٹ لمیٹڈ کے 2 کروڑ 45 لاکھ 70 ہزار، بینک الفلاح کے ایک کروڑ 61 لاکھ 60 ہزار اور ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کے ایک کروڑ 44 لاکھ 20 ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا۔