دبئی(یواین پی ) بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ اچھا ایونٹ ہے جس سے وہ بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان جاری پی ایس ایل میچ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ شعیب ملک اور میری شادی کو سات سال ہو چکے ہیں لیکن ان سالوں میں ہم نے بہت کم وقت ایک ساتھ گزارا۔ وقت نہ گزارنے کا افسوس ہوتا ہے لیکن یہ ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے اور ہم مختلف سوشل میڈیا ذرائع استعمال کر کے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر اوقات شعیب میرے میچز دیکھنے آتے رہتے ہیں اور میں بھی ان کے میچز دیکھتی ہوں۔ پاکستان سپر لیگ اچھا ایونٹ ہے، یہاں اپنے شوہر کے میچز دیکھنے آئی ہوں اور ان میچز سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہو رہی ہوں۔ انہوں نے دبئی میں جاری دبئی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز ڈبلز کے سیمی فائنل میں ہونے والی شکست کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلا سال میرے لیے اچھا تھا اور امید کرتی ہوں کہ یہ سال بھی اچھا ہو گا۔ ٹائم میگزین کے 100 با اثر شخصیات کی فہرست میں نام پانا اعزاز کی بات ہے۔