لاہور(یوا ین پی)پی ایل ایس میں لاہور کے فائنل کے لیے دونوں ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا۔ پشاورزلمی کی ٹیم کوئٹہ گلیڈیٹرزسے ٹکرائےگی۔کراچی کنگز کی ٹیم کو پشاور زلمی نے تیسرے پلے آف میں 24 رنز سے شکست دی۔ کراچی کنگز کی ٹیم صرف 157 رنز بناسکی۔کامران اکمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔کراچی کنگز کی ٹیم نے 182 رنز کے ہدف کے لیے براآغاز کیا۔ بابر اعظم دوسرے اوور میں ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سنگاکارا نے صرف 15 رنز بنائے۔کرس گیل نے31 گیندوں پر 40 رنز بنائے ۔انھوں نے 4 چھکے بھی لگائے۔ شعیب ملک بھی کوئی رن نہ بناسکے۔روی بوپارا نے صرف 6 رنز بنائے۔کیون پولارڈ نے 47 اورعماد وسیم نے 24 رنز بنائے۔پشاور کی جانب سے کرس جارڈن نے 3،وہاب ریاض نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک وکٹ محمد حفیظ کے حصے میں آئی۔اس سے قبل دبئی میں کھیلے جانے والے اہم معرکے میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان سپر لیگ کے تیسرے پلے آف مرحلے میں کراچی کنگز کے خلاف پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 181 رنز بنائے۔پشاور زلمی کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا، پشاور زلمی کے کھلاڑی باز کامران اکمل نے 7چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 100رنز مکمل کیے۔ پشاور زلمی کے کھلاڑی کامران اکمل 104 ، ڈیوڈ ملان 36 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔ محمد عامر اور سہیل خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کی ٹیم اتوار کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں فائنل کھیلے گی۔