سکھر (یو این پی) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی خواتین کو با اختیاربنانے میں بڑا پلیٹ فارم ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف نے غریب اورنادار خواتین کی مدد کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ کار بڑھایاہے، کامیاب خواتین کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے میں سیاسی اورمالی طور پر کمزورخواتین کو ساتھ لے کر چلیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ویمن کاکس کے زیراہتمام خواتین کی تین روزہ عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایم این اے ڈاکٹر فوزیہ حمید ، میانمر، اردن اوردیگر ممالک کے وفود سمیت اراکین پارلیمنٹ اورمقامی حکومتوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ماروی میمن نے عالمی کانفرنس میں موجود تمام بین الاقوامی اور ملکی وفود کو خوش آمدیدکہا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں موجود مقامی حکومتوں کے نمائندوں کی موجودگی کو سراہا ۔ ماروی میمن نے کہاکہ خواتین مختلف قسم کے مسائل سے دوچار ہیں جن میں تشدد ، تعصب اور سماجی مسائل شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے قانون سازی کی گئی ہے ، خواتین کو گھریلو تشدد سے تحفظ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی طور پرکام کرنے والی خواتین بڑے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پارلیمنٹ کے ایکٹ کے تحت بنا ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک میں ناداراورغریب خواتین کی مدد کیلئے اس کا دائرہ کار بڑھایا ہے ، ملک میں54لاکھ خواتین اس پروگرام سے مستفید ہورہی ہیں۔ماروی میمن نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام خواتین کو با اختیاربنانے کیلئے بڑا پلیٹ فارم ہے ، اس پروگرام سے استفادہ کرنے والی کامیاب خواتین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ غربت متاثرہ خواتین کو ساتھ لے کر چلیں اور ان کے آگے بڑھنے میں ان کے ساتھ تعاون کریں۔ کانفرنس میں میانمراور اردن کے وفود نے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے خواتین کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔