تین روزہ مہم کے بعد رہ جانے والے بچوں کو پولیو قطرے پلوانے اور سرویلنس کا کام جاری رکھا جائے گا
پشاور(یوا ین پی)فاٹا میں انسداد پولیو مہم آج بیس مارچ سے شروع ہوگی۔مہم کوکامیاب بنانے کیلئے پولیٹیکل انتظامیہ اورسیکورٹی فورسز نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔کوآرڈینیٹرای او سی فاٹا ڈاکٹرفدامحمدوزیر کے مطابق انسداد پولیو مہم 20مارچ سے 22 مارچ تک باجوڑ،مہمند،اورکزئی،کرم ایجنسی،ایف آرپشاور اورایف ارکوہاٹ میں جاری رہے گی،جسمیں بچوں کو صرف پولیو قطرے پلوائے جائیں گے۔ تین روزہ مہم کے بعد رہ جانے والے بچوں کو پولیو قطرے پلوانے اور سرویلنس کا کام جاری رکھا جائے گا۔جبکہ شمالی وزیرستان،جنوبی وزیرستان،خیبرایجنسی ،ایف آرٹانک،ایف آرلکی،ایف آر ڈیرہ اسماعیل خان ،ایف آر بنوں میں آٹھ روزہ آئی پی وی اور او پی وی انسداد پولیو مہم 20مارچ 27 مارچ 2017 تک جاری رہے گی۔ جسمیں بچوں کو پلائی جانے والی پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ ٹیکے والی پولیو ویکسین بھی دی جائے گی ۔ کوآرڈینیٹرای او سی فاٹا ڈاکٹرفدامحمدوزیر کے مطابق گزشتہ سالوں میں بچوں کو دی گئی ٹیکے والی ویکسین کی وجہ سے فاٹا میں 2016کے دوران پولیو کیسز کی تعداد صرف دو تک محدود رکھنے میں مدد ملی ۔ جبکہ موجودہ انسداد پولیو مہموں میں بچوں کو لگائی جانے والی آئی پی وی ٹیکوں کی مدد سے آئندہ مہینوں میں فاٹا کے صفر پولیو کیسز کے مقام کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس سال 2017 میں اب تک فاٹا سے کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ پچھلے سال فاٹا کے جنوبی وزیرستان ایجنسی سے دو پولیو کیس سامنے آئے تھے ۔