لندن (یو این پی) برطانوی پارلیمنٹ کے باہر دہشت گرد حملے میں پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 4 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے، ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے باہر دہشت گرد حملے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے، مرنے والوں میں پولیس اہلکار اور خاتون بھی شامل ہیں جبکہ 20 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔مقامی حکام کے مطابق دو حملہ آوروں (ایک سیاہ فام اور سفید فام) نے ویسٹ منسٹر پل پر سیاحوں کے ہجوم پر گاڑی چڑھادی جس کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی سے اتر کر چاقو بردار شخص نے پولیس اہلکار پر بھی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک ہوگیا، دیگر اہلکاروں نے فائرنگ کرکے ملزم کو ہلاک کردیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کی پہلے سے اطلاع تھی، پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب طویل قامت جھولے لندن آئی کو بھی بند کردیا گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی جبکہ برطانوی پارلیمنٹ کی کارروائی بھی معطل کردی گئی جہاں وزیراعظم تھریسا مے بھی موجود تھیں