ملتان(یواین پی) سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کبھی بھی شریف برادران کے خلاف فیصلہ آتے نہیں دیکھا۔ ایک جج کو سیاسی کہا تھا آج اس نے سیاسی جماعت بنا لی وہ ملک کا صدر بننا چاہتا تھا۔ کل جسے عوام نے اوقات یاد دلائی تھی آج اسے کہوں گا کہ شرم کرو انتخابات کل ہوں یا آج ہم ہر وقت تیار ہیں۔ جمعہ کے روز ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حامد سعید کاظمی کے با عزت بری ہونے پر الزام لگانے والوں کو شرم آنی چاہیئے۔ با عزت بری ہونے پر حامد سعید کاظمی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی نیت صدر بننے کی تھی وہ سیاسی جج تھے۔ جس نے بعد میں سیاسی جماعت بنا کر میری بات ثابت کر دی۔ انہوں نے افتخار چوہدری کو للکار کر کہا کہ شرم کرو شرم۔ سابق صدر نے کہا ہے کہ الیکشن آج ہو یا کل ہم تیار ہیں۔ مگر میں نہیں سمجھتا کہ (ن) لیگ اتنا جلدی الیکشن کرائے گی۔ اس بار الیکشن میں ہم پورا پنجاب لیں گے اور آئندہ انتخابات میں پورا پنجاب پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گا اور ہمیں حکومت چاہے سکیورٹی دے یا نہ دے۔ ہم پنجاب میں نکلیں گے اور جلسے کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں جتنے سیاسی ایکٹرز تھے انہیں اللہ نے سزا دے دی۔ پی پی نے ایک بار کہا تھا کہ پتا نہیں کیا ہے کہ میاں صاحب کے خلاف اور ہارے حق میں کبھی فیصلہ نہیں آیا اور مجھے پتہ ہے کہ میاں صاحب کے خلاف کبھی فیصلہ نہیں آیا اور نہ آئے گا۔ انہوں نے موجودہ حکمرانوں کے نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری مکمل آزاد ہیں اور وہ پارٹی کی تنظیم نو کر رہے ہیں۔