اسلام آباد/سرینگر(یو این پی)بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا پردہ فاش ہونے کے خوف میں مبتلا ہوکر او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ وادی کا دورہ کرانے سے انکار کردیا۔پاکستان نے بخوشی اجازت دیدی،انسانی حقوق کمیشن کا آٹھ رکنی وفدآج( پیر کو) اسلام آباد پہنچے گا۔بھارتی سرکار کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں ۔انسانی حقوق کی تنظیموں کو وادی کا دورہ کرانے سے بھارت سرکار کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔نامساعد حالات کا بہانہ بنا کر اسلامی ممالک کی تنظیم کے انسانی حقوق کمیشن کو آنے سے ہی روک دیا۔او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن نے آزاد کشمیر کے دورے کی خواہش ظاہر کی تو پاکستان نے کھلے دل سے خوش آمدید کہا۔ جس کے بعد اسلامی ممالک کی تنظیم کا انسانی حقوق کمیشن آج( پیر )سے پاکستان کا دورہ کرے گا ۔ آٹھ رکنی اعلی سطح کمیشن پاکستان میں تین روز قیام کرے گا ۔ انسانی حقوق کمیشن وزیراعظم و صدر پاکستان،مشیر خارجہ اور وزیر امور کشمیر سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ اسلامی ممالک کے ارکان پر مشتمل یہ کمیشن آزاد جموں کشمیر کا دورہ کرے گا اور آزاد کشمیر میں مہاجر کیمپوں کا بھی جائزہ لے گا۔ اس دورے کا مقصد مسئلہ کشمیر کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔