کوپن ہیگن(یواین پی) مردانہ کمزوری کے خاتمے کے لیے کئی ادویات مارکیٹ میں دستیاب ہیں لیکن اب سائنسدانوں نے اس کا ایسا حیران کن علاج دریافت کر لیا ہے جس کے بعد کسی دوا کی ضرورت باقی نہ رہے گی۔ ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق ڈنمارک کے اوڈینس یونیورسٹی ہسپتال کے سائنسدانوں کا دریافت کردہ یہ علاج بالخصوص ان مردوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے جن پر ویاگرا جیسی گولیاں بھی اثر نہیں کرتیں۔اس طریقہ علاج میں مریض کے معدے سے چربی کا ایک نمونہ لے کر اس میں سے بنیادی خلیے الگ کرکے دوبارہ مریض کے جسم میں داخل کیے جائیں۔
یہ بنیادی خلیے جسم کے تباہ ہو چکے خلیوں کی جگہ نئے خلیے پیداکرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چنانچہ اس سے خون کے خلیوں اور وریدوں کی دوبارہ پیداوار شروع ہو جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق ماہرین نے 21ایسے مردوں پر اس تحقیق کے تجربات کیے ہیں جن میں عضو مخصوصہ کی ایستاگی کا مسئلہ انتہائی سنگین تھا اور ان پر ویاگرا بھی اثر نہیں کرتی تھی۔ یہ خلیے جسم میں داخل کیے جانے کے 6ماہ بعد ان میں سے 8مرد بالکل صحت مند ہو گئے اور ان کا مزید کوئی علاج نہیں کرنا پڑا، جبکہ باقی مردوں کا بع میں معمولی علاج کرنا پڑا جس سے ان کی جنسی صحت بھی بالکل ٹھیک ہو گئی۔ سائنسدانوں نے یہ تحقیقاتی نتائج لندن میں ہونے والی یورپین ایسوسی ایشن آف یورالوجی کانفرنس میں پیش کیے۔