ٹرینیڈاڈ (یوا ین پی) ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (آج) جمعرات کو پورٹ آف سپین، ٹرینیڈاڈ کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو چار میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کے خلاف 1۔0 برتری حاصل ہے۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ یکم اپریل کو پورٹ آف سپین، ٹرینیڈاڈ کے مقام پر کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کا چوتھا اور آخری میچ 2 اپریل کو اسی مقام پورٹ آف سپین، ٹرینیڈاڈ کے مقام پر کھیلا جائیگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران چار ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے علاوہ تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 7 اپریل کو گیانا میں کھیلا جائیگا۔ دوسرا ون ڈے میچ 9 اپریل کو گیانا میں کھیلا جائیگا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 11 اپریل کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 22 اپریل کو جمیکا میں شروع ہوگا، دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اپریل سے بارباڈوس میں شروع ہوگا اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 10مئی سے ڈومینیکا میں شروع ہوگا۔