کراچی(یواین پی) کراچی کے علاقے ابولحسن الاصفحانی روڈ میں و اقع ایم ایم مونٹیسوری اسکول کے غریب ونادار بچوں کے سالانہ نتیجے کی تقریب منعقد کی جا رہی ہے جس میں دستاویزی فلم ’’اِک نئی راہ‘‘کو بھی مقامی ہال میں دکھایاجائے گا جس میں مہمان خصوصی چیئرپرسن فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی چیئرپرسن فرزانہ برنی،رائٹرو ڈائریکٹر طلال فرحت،گلوکارمنیر مہر،کامیڈین تنویر جانی، ڈاکٹر اخلاص احمد، ایف ایم آر جے وگلوکارہ ڈاکٹر فرح خان،محمد زبیر،اختر عباس،شاہد رانا (اٹھنّی فیم) ،ریجا سراج، فرہاج بخاری، ڈاکٹر شیبا ارم،گلوکار شبیرضیاء اورماہر تعلیم مطاہر احمد خان اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گے۔ایم ایم مونیٹسوری اسکول کے ایڈمنسٹریٹر نے نمائندہ سے بات چیت میں بتایا کہ ہمارا اسکول اُن بچوں کے لیے ہے جن کے یا تو والدین نہیں ہیں یا ان کے والدین کم اُجرت پر اپنی زندگی کو گزار رہے ہیں اس سلسلے میں ہم ان کے بچوں کے بہتر مستقبل کے ساتھ ان کی بہتر تعلیم کے لیے کوشاں ہے جو فیس، کتابوں اور کاپیوں کے ساتھ یونیفارم کی رقم کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے اور ان کے اہل خانہ کی استطاعت سے باہر ہے، اُن کے لیے ہم نے یہ چھوٹی سی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں اوراس تعلیمی مشن کو گزشتہ چھ سال سے لے کر چل رہے ہیں جس میں میری معاونت میری اہلیہ نازیہ علی کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم انسانیت کے لیے کام کر رہے ہیں تا کہ اس مہنگائی کے دور میں تعلیم سب کے لیے عام ہو اس لیے ہماری مدد اللہ تعالی سے حاصل ہوجاتی ہے اور ہمیں اس سلسلے میں کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتا اور اللہ پاک ہماری مثبت سوچ اور نیک نیتی پر ہمیں مدد فراہم کردیتا ہے اور یوں بچے ہر سال اسکول میں بڑھتے چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں پاکستانی میڈیا کے چند دوست ہمارے اس کارخیر میں ساتھ ہیں اور اپنی ذاتی کوششوں کے ساتھ اس ادارے کو چلانے میں بھرپور ساتھ دے رہے ہیں جن میں اسٹیج و ٹی ی کے اداکار تنویر احمد جانی،مطاہر احمد خان اورطلال فرحت کا اس کو پروان چڑھانے میں بڑا ہاتھ ہے، اسی سلسلے میں طلال فرحت صاحب نے اپنے ہنر کوبروئے کار لاتے ہوئے ایک نئے کانسیپٹ پر کام کیا اور بغیر کسی معاوضہ لیے ہمارے اسکول کے بچوں پر ایک دستاویزی فلم ’’اِک نئی راہ‘‘ کے عنوان سے بنائی جس کا مرکز اسکول میں اُن طالبعلموں کی تعلیم و تربیت ہے جس کے لیے ہم اُن کا جتنا بھی شکریہ ادا کریں وہ کم ہے۔آخر میں میں سمجھتا ہوں کہ ا س طرح کی تقریب کراچی کی تاریخ میں شاید پہلی بار کسی اسکول کے لیے منعقد ہوگی جو تعلیمی اداروں کے لیے مشعل راہ بھی ثابت ہوگی۔