مصطفی آباد/للیانی(نامہ نگار)تحریک انصاف 22دسمبر کو ایک نئی تاریخ رقم کرے گی۔نواز لیگ عوام سے کئے وعدے پورے کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ قومیں بھوک سے نہیں مایوسی سے مرتی ہیں، تحریک انصاف قوم کو مایوس نہیں ہونے دے گی۔ بلکہ ان کے حقوق کی جنگ لڑتے رہے گی۔ موجودہ سیاہ دور ترین دور حکومت میں غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو رہا ہے۔ تحریک انصاف نے ہمیشہ غریب عوام کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کی ہے۔ حکمران فوری 11مئی والی قیمتوں کو بحا ل کریں اور بیرونی دوروں پر سرکاری اخراجات میں کمی کریں۔ تحریک انصاف 22دسمبر کی ریلی میں مہنگائی کم کرنے کے حوالے سے اپنی تجاویز دے گی۔ ان خیالات کا اظہار سنیئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف قصورحاجی سیف اللہ طاہر مغل نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تحریک انصاف میں شامل ہونے والے سابقہ ایم این اے سردار طفیل احمد خاں اور سابقہ ایم پی اے چوہدری الیاس خاں کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ ان کی پارٹی میں شمولیت سے قصور میں پارٹی مزید مضبوط ہو گی اور آنے والے جزل الیکشن میں قصورسے کلین سویپ کرے گی جبکہ بلدیاتی الیکشن بھی واضع کامیابی ملے گی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ دونوں قد آور شخصیات پارٹی کو مضبوط و منظم کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔