مظفرآباد( یو این پی )آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خا ن کی قیادت میں ریاست کی تعمیر وترقی،عوامی خوشحالی،میرٹ کی بحالی اور آئین وقانون کی بالادستی اور خطہ میں حقیقی تبدیلی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ آزادکشمیر میں گڈگورننس کے قیام اورتحریک آزادی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت کام کیا جارہا ہے۔ آزادکشمیر کے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے بھرپور کوشش کی گئی ہیں اور ان وعدوں کی تکمیل آخری مراحل میں ہے آزادکشمیر حکومت کو بااختیار بنانے کے لیے ایکٹ میں ترامیم کا وعدہ جلد پورا ہوگا۔ آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ خطہ میں تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات، سیاحت مشتاق احمد منہاس نے اپنے آفس چیمبر میں سابق ممبر اسمبلی حلقہ سماہنی راجہ مقصود احمد خان کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفد میں راجہ محمد عارف خان ، راجہ قیصر ، ڈاکٹر اقبال ، سردار یعقوب مغل بیرپانی ، ہمایوں خان ، جلیل عمر ایڈووکیٹ اور عمران خان بھی موجود تھے۔ وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیئے وزیراعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ پروگرام پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے اور اس منصوبہ سے آزادکشمیر میں تعمیروترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بحالی کے لیئے آزادکشمیر حکومت نے تاریخی فیصلے کیئے ہیں محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی بھرتیوں کے لیئے نئی ریکروٹمنٹ پالیسی کی منظوری دی گئی ہے اب محکمہ تعلیم میں میرٹ پر تقرریاں ہوں گی اورتعلیم یافتہ نوجوانوں کومیرٹ پر روزگار کے مواقع میسرہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں وہی بھرتی ہو گا جو میرٹ پر آئے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی طرز پر دیگر محکموں میں بھی بھرتیوں کا شفاف نظام لایا جائے گا اس سلسلہ میں حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں اصلاحات کے لیئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی بہتری ،عوام کی فلاح اور اداروں کے استحکام کے لیئے جاندار فیصلوں میں پارلیمانی پارٹی وزیراعظم آزادکشمیر کے ساتھشانہ بشانہ ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام سے کیئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی