نئی دہلی(یو این پی) خبریں پہنچانے والوں کی زندگیوں میں بھی بعض اوقات ایسے لمحات آتے ہیں جب پیشہ ورانہ امور کی ذمہ داری بھی امتحان بن جاتی ہے۔ ایسا ہی کچھ ہوا بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں جہاں نیوز اینکر کو خود اپنے شوہر کی حادثاتی موت کی اطلاع چینل پربراہِ راست دینا پڑی۔28 سالہ سُپریت کور کا کام ایک علاقائی نیوز چینل پر خبریں پڑھنا ہے۔ تاہم اُس وقت انتہائی نازک صورتحال پیدا ہو گئی جب براہِ راست نشریات کے درمیان رپورٹر نے اُسے ایک ٹریفک حادثے کی تفصیلات فراہم کیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میں اُس کا شوہر بھی سوار تھا۔ خبر پڑھتے وقت ہی وہ جان چکی تھی کہ ہلاک شدگان میں اُس کا شوہر بھی شامل ہو سکتا ہے مگر اُس نے کمال ضبط سے خبر پڑھی اور ناظرین کو گمان تک نہ ہونے دیا کہ اُس پر کیا قیامت گزر گئی ہے۔ سٹوڈیو سے باہر آتے ہی اُس کے شوہر کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی اور وہ پُھوٹ پُھوٹ کے رونے لگی۔