اسلام آباد(یو این پی)آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف وممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نے کہا ہے کہ پانامہ کے فیصلے کے بعد میاں نوازشریف اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں اور نئے انتخابات کروائیں ۔ برطانیہ کے وزیراعظم نے اپنے عہدے کی معیاد دو سال رہنے کے باوجود قبل از وقت انتخابات کروانے کافیصلہ کیا ہے ۔ پاکستان کیلئے میاں نوازشریف ناگزیرنہیں ہیں ۔ وہ سپریم کورٹ اور عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے آج یہاں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کیلئے اب لازم ہوچکا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں ۔ پاکستان میں پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومتیں قائم کرے گی ۔اس کیلئے ہم ہر گاؤں اور ہر گھر جائیں گے ۔اور پارٹی کا پیغام پہنچائیں گے۔پاکستان میں لوگ اب دھڑا دھڑ پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کیس کے تحقیقات کیلئے وزیراعظم کے ماتحت جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کا کوئی فائدہ نہیں ۔چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دو ججز کے اختلافی نوٹ اور تین ججز کی جانب سے مزید تحقیقات کے حکم کے بعد وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے ریاستی اداروں کو تباہ کردیا ہے ۔ اقرباء پروری کادور دورہ ہے ۔ اپوزیشن ممبران کو دیوار سے لگایاجارہا ہے ۔ ان حالات میں اپوزیشن ممبران نے عدالتوں کا دروازہ کھٹکٹایا اور ہمیں امید ہے کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف ملے گا ۔ اور ہمارے رکے ہوئے فنڈز بحال ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اراکین اسمبلی کے حلقوں میں ہارے ہوئے امیدواروں کے ذریعے فنڈز دیے گئے ۔ جس کیخلاف ہم عدالت عالیہ میں گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی نئی حکومت نے عوام کو ریلیف پہنچانے کی بجائے روزانہ اٹھارہ سے بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ کر کے عوام کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آزادکشمیر بھر میں لوڈشیڈنگ کیخلاف سخت اقدامات اٹھائے گی ۔