اسلام آباد:(یو این پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی ضد خود ان کے لئے سنگین بحران کو جنم دے گی۔ نواز شریف عدالت عظمیٰ کے فیصلے اور عوام کی امنگوں کا خیال کرتے ہوئے معقولیت کا مظاہرہ کریں۔ ممتاز ماہر قانون بابر اعوان کی چیئرمین تحریک انصاف سے بنی گالہ میں ملاقات ہوئی۔ جس میں پانامہ فیصلے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ فیصلے کے بعد وزیر اعظم کا منصب پر قائم رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ پانامہ فیصلے نے وزیر اعظم کی ذات پر لگے سنگین الزامات کی صحت پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔ وزیر اعظم کی ضد خود ان کے لئے سنگین بحران کو جنم دے گی۔ قوم کرپشن کے خلاف پوری طرح یکسو اور متحرک ہے۔ نواز شریف عدالت عظمیٰ کے فیصلے اور عوام کی امنگوں کا خیال کرتے ہوئے معقولیت کا مظاہرہ کریں۔ 28 اپریل کے بعد سے سڑکوں پر عوام کے سمندر امڈنا شروع ہوں گے۔ اسلام آباد میں انشاء اللہ تاریخی جلسہ عام وزیر اعظم کو ان کے مستقبل کا نقشہ سمجھا دے گا۔