کشمیر میں شہریوں کادم گھٹ رہا ہے اور وہ حبس محسوس کرتے ہیں ؛علی گیلانی

Published on April 25, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 521)      No Comments

سری نگر(یوا ین پی) کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے2016کی عوامی تحریک کے دوران گرفتار کئے گئے حریت لیڈروں اور عام آزادی پسند نوجوانوں کی نظربندی کو طو ل دینے کی حکومتی پالیسی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں سے 80فیصد لوگوں پر عائد پی ایس اے عدالتِ عالیہ کی طرف سے کالعدم (Quash)ہوئے ہیں اور عدالت نے ان کی فوری رہائی کے احکامات صادر کئے ہیں، البتہ ان پر دوبارہ پی ایس اے کا اطلاق کیا گیا ہے، یا انہیں نئے فرضی کیسوں کے تحت حبسِ بے جا میں رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے مسرت عالم بٹ، امیرِ حمزہ شاہ، شیخ محمد یوسف، محمد یوسف لون، محمد رستم بٹ، میر حفیظ اللہ، محمد یوسف فلاحی، محمد شعبان ڈار، عبدالغنی بٹ، عبدالمجید راتھر، رئیس احمد میر، سرجان برکاتی، شکیل احمد یتو، محمد امین آہنگر، عبدالسبحان وانی، بشیر احمد قریشی، مشتاق احمد ہرہ، عبدالاحد پرہ، محمد رفیق گنائی، حکیم شوکت احمد، فاروق احمد بٹ، شکیل احمد بٹ، سلمان یوسف شیری، عبدالخالق ریگو، محمد امین پرے، محمد یوسف مکرو، حاجی غلام محمد میر، نذیر احمد مانتو، بشیر احمد صوفی، بشیر احمد صالح، دانش ملک، عبدالرشید راتھر، محمد رمضان، شوکت احمد ڈار، منظور احمد کلو، عبدالعزیز گنائی، عبدالحمید پرے، فیاض احمد کمار، منظور احمد بھگت، طارق احمد ڈار، توصیف احمد، فاروق احمد گنائی، مشتاق احمد کھانڈے، محمد شفیع وگے، محمد شفیع خان، صفیر احمد لون، فرحان احمد اور پرویز احمد کلو کے علاوہ تمام نظربندوں کی فوری رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیدیوں کی مسلسل نظربندی اور سیاسی سرگرمیوں پر قدغن ریاست میں جاری سیاسی غیریقینیت میں اضافے کی باعث بن رہی ہے اور اس پالیسی سے حالات دن بدن زیادہ سنگین رخ اختیار کررہے ہیں۔ گیلانی نے اپنے بیان میں تمام کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب سے بی جے پی، پی ڈی پی مخلوظ حکومت برسرِ اقتدار آگئی ہے، جموں کشمیر کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ ریاست میں کے جی بی (KGB)جیسا نظام قائم کیا گیا ہے اور لوگوں کے سانس لینے پر بھی پہرے بٹھا دئے گئے ہیں۔ حریت چیرمین نے کہا کہ لوگوں کو پشت بہ دیوار کیا گیا ہے اور اس سرکاری پالیسی سے ریاست کے حالات انتہائی مخدوش بنے ہوئے ہیں۔ لوگوں کا دم گھٹ رہا ہے اور وہ حبس محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندر ہی اندر ایک لاوا پک رہا ہے اور وہ کسی بھی وقت پھٹ کر باہر آسکتا ہے۔ اس وقت حالات کو قابو کرنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا اور سب ششدر رہ جائیں گے۔ حریت چیرمین نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور حقوق بشر کے لیے سرگرم دوسرے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری قیدیوں ں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور ان کی رہائی کے لیے اپنے اثرورسوخ کو استعمال میں لائیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes