پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، صدر مملکت

Published on April 26, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 230)      No Comments


اسلام آباد: (یو این پی )صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بیرون ملک سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات پاکستان کے نامزد سفیر برائے ڈنمارک سید ذوالفقار حیدر گردیزی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی ۔
صدر مملکت ممنون حسین نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ ڈنمارک کی تاجر برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کریں ۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے .اب ہمیں ڈنمارک کے لیے اپنی برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ نامزد سفیر دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک مختلف بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے امیدواران کے انتخاب میں تعاون کرتے ہیں ۔ اس سلسلے میں نامزد سفیر کو انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کے امیدوار کے لیے ڈنمارک کی حمایت حاصل کرنی چاہیے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ منتخب نمائند ے اور تھنک ٹینک پالیسیوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ اس ضمن میں نامزد سفیر بھی ڈنمارک کے منتخب نمائندوں اور سول سوسائٹی کے ارکان سے رابطے بڑھائیں اور انھیں مقبوضہ کشمیر اور افغانستان کی صورت حال سے آگاہ کریں۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ نامزید سفیر پاکستان کے بارے میں تاثر کو بہتر کریں اور ڈنمارک میں مقیم پاکستانی افراد کے مسائل کوحل کرنے میں بھی کردار ادا کریں ۔ صدر مملکت ممنون حسین نے نامزید سفیر سید ذوالفقار حیدر گردیزی کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ڈنمارک کی ملکہ مارگریتھی کو اپنی نیک خواہشات پہنچانے کا بھی کہا ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes