اسلام آباد (یو این پی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کے سماجی بائیکاٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے عظیم بننے کے لئے دعاگو ہوں، 10 ارب روپے کی پیشکش کے بیان پر قائم ہوں، پیشکش کرنے والے کا نام نہیں بتا رہا کیوں کہ شریف برادران انتقامی کارروائی کر کے اس کا کاروبار بند کر دیں گے البتہ شہباز شریف مجھے عدالت بلاؤ عدالت میں وہ نام ضرور بتاؤں گا اور اس شخص کو تحفظ دینے کا بھی کہوں گا، نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی پر الزام لگا تو ان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا تو خود ان پر کیس ہے استعفیٰ کیوں نہیں دیتے، نواز شریف کو ڈر ہے کہ کرسی چھوڑی تو پکڑے جائیں گے، ملک کے ہر کونے سے گو نواز گو کی آواز اٹھنی چاہیئے، کسی کرپٹ کو حکمران بنانا بلی کو دودھ کی رکھوالی دینے کے مترادف ہے، جھوٹا ثابت ہونے پر مٹھائیاں بانٹنے والوں نے نوجوانوں کو کیا مثال دی، قومیں میٹرو اور پل بنانے سے نہیں کردار سے بنتی ہیں، جمعہ کو نوشہرہ اور 7 مئی کو سیالکوٹ میں جلسہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ آج دل سے پاکستانیوں کے لئے دعا نکل رہی ہے۔ کہ وہ قوم جو ملک کے لئے میری عزت رکھتے ہیں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں خدا اس قوم کو وہ عظیم قوم بنا جو اس نے بننا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک شاعر کے خواب اور ایک لیڈر کی جدوجہد سے ایک عظیم ملک بنایا ملک ایک عظیم ملک بننے جا رہا تھا۔ ایک وقت جب ایوب خان امریکہ گیا تو امریکی صدر نے ایئر پورٹ پر اس کا استقبال کیا۔ اس ملک کی دنیا میں ایک حیثیت تھی اور ہمیں اپنے ملک پر فخر تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں کرکٹ ٹیم میں آیا تو ایک کمزور ٹیم تھی۔ میں پھٹیچر نہیں کہوں گا۔ جب کرکٹ چھوڑ کر گیا وہ یہی ٹیم ورلڈ چیمپئن تھی۔ خدا اس قوم کو پھر سے اس راستے پر لگا کہ پاکستانی جب سبز پاسپورٹ لے کر نکلے تو لائنوں میں نہ لگنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں پاکستانی دوسرے ممالک کی جیلوں میں ہیں انہیں کوئی نہیں پوچھتا۔ مجھے امریکہ میں ایک بار 6 دوسری بار 4 گھنٹے روکا گیا اگر میرے ساتھ یہ ہوتا ہے تو باقی پاکستانیوں کے ساتھ کیا ہوتا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کو روکے جانے پر بھارت کی حکومت نے شور مچایا تو امریکہ کو معذرت کرنا پڑی۔ آج دنیا میں ہماری عزت نہ ہونے کی وجہ حکمرانوں کا عوام کی عزت نہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 10 ارب کی پیشکش کے الزمات لگاتے ہوئے مجھ پر ہرجانے کا دعویٰ کرنے کا کہا ہے اچھا ہوا کہ مجھے آپ عدالت لے کر جائیں میں اس کا نام اس لئے نہیں لے رہا کہ اپ ایک مافیا ہیں اس سے انتقام لیں گے عدالت میں بلاؤ اس کا نام بھی لوں گا اور عدالت سے اس کی حفاظت کی درخواست بھی کروں گا۔ اور دبئی میں بیٹھے شخص کا نام بھی بتاؤں گا انہوں نے کہا کہ عوام چھانگا مانگا نہیں بھولے سیاستدانوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح نیلام کر کے ریسٹ ہاؤس میں بند کیا گیا انہیں بھوربن لے کر گئے۔ اصغر خان کیس کے مطابق آئی ایس آئی اور مہران بنک سے پیسے لئے اور کیا آصف نواز کو بی ایم ڈبلیو نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس سجاد علی شاہ نے خود کہا کہ ججوں کو خریدنے کے لئے شہباز شریف نے پیسے دے انہوں نے کہا شریف برادران عدالت نہ جائیں تو بہتر ہے ورنہ اور لوگ بھی پھنس جائیں گے۔ میں انہیں پیش کش کرتا ہوں کہ قران پر ہاتھ رکھ کر کہہ دیں کہ انہوں نے کسی کو رشوت نہیں دی تو ان کے بچوں سے قرضے لے کر 10 ارب دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے نمائندے کا کام عوام کے پیسے کی حفاظت کرنا ہے مگر خواجہ آصف عوام کے پیسے لٹنے پر کہتا ہے کہ عوام بھول جائیں گے۔ میں پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ اپنے حقوق کے لئے کھڑے ہو گئے۔ اگر عوام نہ نکلتے تو معاملہ بھول جانا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ این بوتھم نے بال ٹمپرنگ پر میرے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کیا میں اپنے وکیل جارج بوتھم کے پاس گیا تو اس نے مجھے سچ بتانے کا کہا اور یہ بھی کہا کہ اگر تم نے جھوٹ بولا تو جج تمہیں جیل بھیج دے گا۔ جب عدالت گیا تو 3 ہفتے بعد 12 ججز کی جیوری نے میرے حق میں فیصلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا تھا اقبال نے کہا تھا کہ ہم مثالی ریاست بنا کر دکھائیں گے جہاں عدل و انصاف ہو گا۔ جب مدینہ کی ریاست بنی تو اس میں لیڈر کا صادق اور امین ہونا ضروری تھا کرپٹ آدمی کو سربراہ بنا دیں تو بلی کو دودھ کی رکھوالی بٹھانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا قومیں میٹرو اور پل بنانے سے نہیں کردار سے بنتی ہیں۔ ہمارے نبی کے جانے کے بعد مسلمان ساری دنیا پر اس لئے چھائے کہ ان کے پاس ایمان اور کردار تھا وہ خود دار، نڈر لوگ تھے۔ اس وقت مسلمانوں کا کردار دیکھ کر لوگ مسلمان ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ شریف نے ہمارے بچوں کے لئے کیا مثال چھوڑی ہے۔ پانامہ فیصلے میں 5 ججوں نے نواز شریف کو جھوٹا اور 2 نے کہا کہ صادق اور امین نہیں۔ موٹو گینگ متھائیاں بانٹ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان وزیروں میں کوئی شرم و حیا نہیں۔ قوم پہلے اخلاقی پھر معاشی طور پر مرتی ہے۔ ان وزیروں کو ہڈی ملنے کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریفوں کا نظریہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیروں کے منہ میں ہڈی ڈالی ہوئی ہے مسلم لیگ کا نعرہ لگانے والو قائد اعظم آزاد قوم کا لیڈر تھا اور اپ نے آزاد ملک کو غلام بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس میں غداری کی گئی نواز شریف نے فوج کی بدنامی کی۔ کبھی کسی ملک کے وزیراعظم نے اپنی خفیہ ایجنسی کے خلاف بات نہیں کی۔ کبھی کسی بھارتی نے پاکستان کو پیغام نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے مسلمانوں کے پاس لیڈر شپ نہیں۔ بھارت کے کشمیر پر مظالم پر اگر وہاں کوئی اور قوم ہوتی تو دنیا شروع مچا رہی ہوتی۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے میں کشمیر پر ہونیو الے مظالم کے خلاف او رانکے حقوق کی بات ہر فورم پر کروں گا۔ ساری قوم کی دعائیں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب سعودی عرب گئے تو کہتے تھے میں سیاست چھوڑ سکتا ہوں مگر اپنی قوم کو دھوکہ نہیں دھوں گا۔ 8سال بعد سعودی شہزادہ معاہدہ لے کر آیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر کرپٹ نواز شریف کے ساتھ اس لئے کھڑا ہے کہ انہیں پتہ ہے کہ اس کے بعد ان کی باری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل جلد کروانے کے لئے کیا گیا۔ مگر نجم سیٹھی کے جانے پر وہاں گو نواز گو کا نعرہ لگا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ میں انکشاف کے بعد شریف خاندان نے مے فیئر فلیٹس کی ملکیت تسلیم کی۔ اس سے قبل یہ انکار کرتے تھے جب ملکیت تسلیم کی تو بتانا تھا کہ پیسے کہاں سے آئے تو ہر جگہ قطری کا شہزادہ آ گیا۔ اور سپریم کورٹ نے قطری خط کو جھوٹ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو وزیراعظم جھوٹا ثابت ہو جائے کیا اسے اس عہدے پر رہنے کی اجازت دینی چاہیئے۔ جھوٹے پر کیسے اعتماد کیا جا سکتا ہے۔ وہ کس منہ سے وزیر اعظم رہ سکتا ہے ایسا وزیر اعظم کس منہ سے کسی اور کو رشوت نہ لینے کا کہے گا انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران پورے ملک کو کرپٹ کر دیتا ہے ملک میں منی لانڈرنگ ہو تو قرضے لینے پڑتے ہیں اور قرضے دینے والا مہنگائی کرنے کا حکم دیتا ہے۔ قرضوں کی قیمت پاکستانی قوم ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات موبائل کارڈ، فون اور چیزوں پر ٹیکس غریب کو غریب اور امیر کو امیر کرتا ہے انہوں نے کہا کہ 45 فیصد بچے خوراک کی کمی کا شکار ہے ہم ملک کے پاس پیسہ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں خوراک نہیں دے سکتے۔ چوروں کا پیسہ باہر جا رہا ہے اور قوم غریب ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا بیٹھا رہا تو سرمایہ کاری نہیں ہو گی۔ بے روزگاری اور بڑھے گی۔ میں نے 4 سال میں کوئی قرضہ نہیں لیا کوئی فیکٹری نہیں خریدی۔ بینک آف خیبر نے 3 سال میں ریکارڈ منافع دیا کیونکہ ہم نے اداروں کو مضبوط کیا ہے۔ چین سے 23 ارب کے معاہدے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کرپشن ختم کی تو یہاں خوشحالی ہو گی اور غربت کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عوام کو خود نکلنا ہو گا۔ یوسف رضا گیلانی پر الزام لگا تھا تو نواز شریف نے نہیں گھر جانے کا کہا تھا آج وہ خود گھر کیوں نہیں جاتے۔ نواز شریف کو ڈر ہے کہ کرسی چھوڑی تو پکڑے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر کونے سے گو نواز گو کی آواز اٹھنی چاہیئے۔ جمعہ کو نوشہرہ جاؤں گا اب پورے پاکستان جاؤں گا عوام نواز شریف کا سماجی بائیکاٹ کریں یہ وقت ہے۔ آپ نے نواز شریف کو نہیں خدا کو جواب دینا ہے ۔ منزل دور نہیں قریب ہے۔