اس بار رمضان المبارک کا مقدس مہینہ 29ایام پر مشتمل ہو گا
لہذا فرزندان اسلام انشاء اللہ 26جون بروز پیر بمطابق یکم شوال المکرم کو عید الفطر کی خوشیاں منائیں گے
فیصل آباد (یواین پی) تمام اسلامی ایام اور مذہبی تہواروں کے بارے میں سو فیصد درست پیشگوئیاں کرنے والے ملک کے ممتاز روئت ہلال ایکسپرٹ ، ماہر فلکیات ، علم الا عداد ، قمر شناس پروفیسر محمد حمزہ نعیم پرنسپل (ر) گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ نے پیشگوئی کی ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 27مئی بروز ہفتہ کی شام نظر آنے کا امکان ہے اور توقع ہے کہ پہلا روزہ 28مئی بروز اتوار کو ہو گا ۔ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ رمضان المبارک کا نیا چاند 25مئی بروز جمعرات اور 26مئی بروز جمعہ کی درمیانی شب 12بجکر 44منٹ پر پیدا ہو گا اس طرح جمعہ کی شام بوقت مغرب اس کی عمر 18گھنٹے 28منٹ ہو گی اور سورج غروب ہونے و چاند طلوع ہونے کا درمیانی دورانیہ صرف 39منٹ ہو گا اس طرح جمعہ کی شام چاند نظر آنا کسی بھی صورت ممکن نہیں کیونکہ نیا چاند دیکھنے کیلئے سورج کے غروب ہونے اور چاند کے طلوع ہونے کا درمیانی وقفہ کم از کم 50منٹ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ چونکہ 27مئی بروز ہفتہ کی شام نیو مون کی عمر 42گھنٹے 29منٹ ہو گی اور افق پر اس کا دورانیہ 104منٹ ہو گا اس لئے اسے بآسانی دیکھا جا سکے گا اس طرح یکم رمضان المبارک 28مئی بروز اتوار کو ہو گی اور اس روز فرزندان توحید پہلا روزہ رکھیں گے۔انہوں نے مزید بتایاکہ اس بار رمضان المبارک کا مقدس مہینہ 29ایام پر مشتمل ہو گا لہذا فرزندان اسلام انشاء اللہ 26جون بروز پیر بمطابق یکم شوال المکرم کو عید الفطر کی خوشیاں منائیں گے۔