چینی (یو این پی) خاتون نے اپنے شوہر کو وقت پر گھر آنے پر مجبور کرنے کے لیے گھر میں ایک کارڈ ریڈر نصب کردیا تاکہ شوہرِ نامدار سیدھے گھر آجائیں اور کبھی تاخیر سے نہ پہنچیں جب کہ اس کی خلاف ورزی پر انہیں سزا بھی بھگتنا پڑے گی۔چینی خواتین کی عادت ہے کہ شوہر اگر زیادہ دیر کام کی جگہ رک جائے تو وہ ہر 10 منٹ بعد انہیں میسج کرتی ہیں یا پھر ان کے پسندیدہ کھانوں کی تصاویر سے لبھانے کی کوشش کرتی ہیں۔ لیکن ایک چینی خاتون نے اس کا بہت انوکھا حل تلاش کیا ہے اور اپنے گھر میں ایک کارڈ ریڈر لگادیا جو شوہر کے آنے اور جانے کے اوقات نوٹ کرتا ہے۔ جسے ایک خاتون نے پوسٹ کیا ہے۔ خاتون نے پہلے یہ کارڈ ریڈر اپنی سہیلی کے گھر دیکھا تھا اور اس کے بعد اپنے گھر میں لگایا دیا۔ خاتون کے مطابق ان کے شوہر ایک انٹرنیٹ کمپنی میں کام کرتے ہیں اور اکثر دیر سے گھر آتے تھے جس کے بعد ان کی بیگم نے گھر میں کارڈ ریڈر نصب کردیا اور اب ان کے شوہر 9 بجے تک گھر پہنچ جاتے ہیں بصورتِ دیگر انہیں اس کے نتائج بھگتنا ہوتے ہیں۔کارڈ ریڈر کے ساتھ ہی ایک کاغذ پر چند ہدایات بھی لکھی ہیں۔ اس پر لکھا ہے کہ اگر شوہر گھر پر 9 بجے آجاتے ہیں تو بیگم صاحبہ خود ان کو گرم لذیذ کھانا پیش کریں گی اور ساتھ بیٹھیں گی۔ صرف 30 منٹ کی تاخیر پر 15 ڈالر کا جرمانہ ہوگا اور اگر وہ ایک گھنٹے لیٹ ہوگئے تو چھٹی والے دن شوہر کو گھر کا پورا کام کرنا ہوگا۔خاتون کا کہنا ہےکہ اگر شوہر کام پر جاتے ہوئے پنچ کارڈ مشین استعمال کرسکتے ہیں تو وہ یہ مشین گھر پر کیوں استعمال نہیں کرسکتے۔ انہوں نے بتایا کہ مشین رکھنے کے بعد ان کے شوہر نہ صرف 9 بجے بلکہ اس سے بھی چند منٹ قبل گھر پہنچ جاتے ہیں۔شوہرکا یہ مینجمنٹ سسٹم چین میں مقبول ہورہا ہے اور لوگ اس پر بحث کررہے ہیں جس پر ایک شخص نے کہا ہے کہ ذہین بیوی یقیناً ہیومن ریسورس مینیجر رہی ہوں گی جب کہ ایک کا کہنا تھا کہ یہ مردوں کی آزادی سلب کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ ایک یوزر نے اس خبر پر سب سے دلچسپ ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ شکر ہے میں اب تک کنوارہ ہوں۔