کوئٹہ(یو این پی)پاک افغان کشیدگی کے باعث باب دوستی کی بندش کو ایک ہفتہ ہوگیا، سیکٹر کمانڈر بریگیڈیر ندیم سہیل نے سرحدی دیہات کا دورہ کیا،متاثرہ دیہات سے نقل مکانی کرجانے والوں کیلئے پرانا چمن میں خیمہ بستی قائم کی گئی ہے۔اس دوران پاک افغان سرحد پر ہر قسم کی سرگرمیاں معطل ہیں،جذبہ خیر سگالی کے تحت صرف بیمار افغان شہریوں کو ویزا پاسپورٹ پر افغانستان جانے کی اجازت ہے۔ایف آئی اے کے مطابق تین روز کے دوران ویزا پاسپورٹ پر 30سے زائد افغانی واپس گئے ہیں۔سیکٹر کمانڈر بریگیڈیر ندیم سہیل نیڈپٹی کمشنر قیصر ناصر اور ڈی پی او ساجد مہمند سمیت دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ کلی لقمان اور کلی جہانگیر کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔سرحدی دیہات سے نقل مکانی کرجانے والوں کیلئے پرانا چمن میں خیمہ بستی قائم کی گئی ہے جہاں انہیں کھانے پینے کی اشیا اور دیگر سامان مہیا کیا جارہا ہے۔