صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد خان اور سپیکر شاہ غلام قادر 3روزہ دورے پر وادیء نیلم پہنچ گے

Published on May 12, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 431)      No Comments

مظفرآباد (یو این پی)صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد خان اور آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر 3روزہ دورے پر وادیء نیلم پہنچ گئے چلہانہ، باڑیاں، جورا،کنڈل شاہی، کٹن، باٹا اور اٹھمقام پہنچنے پر عوام علاقہ نے پُرتپاک استقبال کیا۔ دورے میں معاون خصوصی ارسل خان، معاون خصوصی خواجہ بشیر احمد، ضلع نیلم زکوٰۃ کونسل کے چےئر مین عبدالحمید اعوان، نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کے چےئر مین راجہ محمد یوسف، مسلم لیگ (ن) نیلم کے نائب صدر عبدالحمید اعوان، سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) نیلم محمد نواز اعوان بھی ہمراہ تھے۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد خان اور سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے اٹھمقام میں نیلم بار کی پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں قانون کی حکمرانی کے لےئے بھرپور جدوجہد جاری ہے۔ قانون کو بالا حیثیت حاصل ہو گی تو کسی کو احساس محرومی نہیں ہو گا۔ قانون کی حکمرانی کی بدولت عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے پُر امن کا راستہ بھی قریب ہو جائے گا۔ وُکلاء عوام کو سستا اور فوری انصاف مہیا کرنے کے لےئے حکومتی سطح پر بھرپور معاون ہو سکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی ہر طرح سے کوشش ہے کہ فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ہو تا کہ ریاست پھل پھول سکے اور بے یقینی کی کیفیت کسی شعبہ ہائے زندگی میں نظر نہ آئے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف مسئلہ کشمیر کے جلد حل، پاکستان اور آزاد کشمیر کی مثالی ترقی اور پُرامن معاشرے کے قیام کے لےئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ آج عالمی سطح پر کشمیری عوام کا موقف تسلیم ہو رہا ہے، امید کی کرن پیدا ہو چُکی ہے کہ جلد مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کے اُمنگوں کے مطابق حل ہو گا۔ صدر آزاد کشمیر اور سپیکر اسمبلی نے کہا کہ بھارت سیز فائر لائن کیساتھ اشتعال انگیز کارروائیوں سے باز رہے، بھارت اس لےئے ایسا کر رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم پر پردہ ڈالا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ آزاد ی کی قیمت کشمیری عوام ادا کر چُکے ہیں اب دُنیا کی کوئی طاقت اُنہیں زیادہ دیر تک غلام نہیں بنا سکتی۔ صدر آزاد کشمیر اور سپیکر اسمبلی نے جگہ جگہ استقبالیہ تقاریب سے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لےئے انقلابی دور کا آغاز ہو چُکا ہے ، جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت 5 سال مکمل کر لے گی تو خطہ میں مثالی ترقی دیکھی جا سکے گی۔ عوام علاقہ نے حکومتی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ نیلم میں ترقی کا باب شروع ہو چُکا ہے اور سہولیات کی نچلی سطح تک فراہمی کے لئے ہم حکومت کے انتہائی شُکر گزار ہیں۔صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد خان اور سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر عوامی وفود اور پریس نمائندگان سے ملاقات کے علاوہ نیلم میں یونیورسٹی کیمپس کا دورہ بھی کریں گے۔ سٹاف اور طلباء سے ملاقات کریں گے۔ لائن آف کنٹرول کے حوالے سے بریفنگ میں بھی شرکت کریں گے۔ آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر کی جانب سے مہمان خصوصی صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کے اعزاز میں پُر وقار عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog