کراچی(یو این پی)وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے علاقے بہادرآباد دھوراجی میں دہشتگردوں کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے دو اہلکار شہید اور ایک زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی۔بہادرآباد کے علاقے میں پولیس موبائل پر فائرنگ کر کے تین پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔فائرنگ کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں آغا خان اسپتال منتقل کر دیا جہاں ہیڈ کانسٹیبل یونس شہنشاہ اور افتخار دوران علاج شہید ہو گئے جبکہ تیسرے زخمی اہلکار کی حالت بھی تشویشناک ہے۔جائے وقوعہ پر ایڈیشنل آئی جی سندھ مشتاق مہر، انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب اور مظہر مشوانی، ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی ایسٹ پہنچ گئے۔ انچارج سی ٹی ڈی عمرخطاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں کالعدم تنظیم کے لوگ ملوث ہو سکتے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے اسپتال کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے حملہ آوروں کی شناخت بتانے والوں کیلئے25 لاکھ روپے انعام کااعلان کیاہے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس موبائل پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی